خواتین کی دو مخصوص نشستوں کے لیے شیڈول جاری

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں خواتین کی دو مخصوص نشستوں کے لیے شیڈول جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 23 سے 26 اگست تک جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ خواتین کی دو مخصوص نشستوں کے لیے پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کی امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی غیر حتمی فہرست 27 اگست کو جاری کی جائے گی، 2 ستمبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، 6 ستمبر تک کاغذات پر اپیلیں کی جاسکیں گی۔

10 سے 11 ستمبر اپیلیٹ ٹریبونل اپیلیں سنے گا، امیدوار 12 ستمبر تک کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ 13 ستمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی انیتا محسود جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف) کی نعیمہ کشور کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کرچکا ہے اسی طرح اقلیتوں کی نشست پر تحریک انصاف کے ولسن وزیر کی کامیابی کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے خواتین کےلئے مختص مخصوص نشست پر قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والی بصیرت خان شنواری کا نام فائنل کیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں خواتین کی دوسری نشست پر اختلافات بھی سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے مخصوص سیٹ پر تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔ خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر اسلام آباد میں 11 خواتین کا انٹرویو کیا گیا جس میں ایک خاتون کا نام تو فائنل کرلیا گیا ہے تاہم دوسرے نام پر اختلافات جاری ہے۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 6 سیٹیں حاصل کی تھی اس کے علاوہ 2 آزاد اُمیدواروں نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ جمعیت علماء اسلام (ف) اور بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے الحاج شاہ جی گل آفریدی گروپ نے 3،3 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی نے ایک ، ایک سیٹ حاصل کی۔

فارمولے کے مطابق خواتین کی مخصوص 4 نشستوں پر تحریک انصاف کے حصے میں 2 جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف) اور بلوچستان عوامی پارٹی کے حصے میں ایک، ایک سیٹ آیا۔