پاک فوج کا اعزاز : تیسرے سال بین الاقوامی ملٹری ڈرل مقابلہ جیت لیا

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

پاک فوج نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کر دیا، بین الاقوامی ملٹری ڈرل مقابلہ جیت لیا، پاک فوج نے مدمقابل ٹیموں کو شکست دے کر تیسری بار پیس اسٹکنگ مقابلے جیتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ہوئے۔

پاک فوج نے مسلسل تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ پاکستان نے تیسری بار برطانیہ میں منعقدہ پیس اسٹکنگ مقابلے جیت لیے، رائل ملٹری اکیڈمی میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان آرمی نے مسلسل تیسرے سال کامیابی حاصل کی، پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم نے ان مقابلوں میں پاک فوج کی نمائندگی کی۔

یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں انتہائی اہم خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ ایسی فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لئے جانی جاتی ہے، آپ نے اپنے آپ کو عظیم، مقدس، انتہائی چیلنجنگ پروفیشن کیلئے اہل ثابت کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے دہشتگردی کو شکست دی، فروری 2019ء میں اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا، پاکستان آرمی ہماری قابل فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ قوم کا افواج پر اعتماد اور مضبوط رشتہ ان بے شمارقربانیوں کا ثمر ہے، وہ قربانیاں جو ہمارے غازیوں اور شہیدوں نے اپنے لہو سے رقم کیں، آپ پر لازم ہے اس رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بناتے جائیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ وہ دشمن جو تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے مایوسی سے ہماری کامیابیاں دیکھ رہے ہیں، ہمارے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد دل شکستہ ہیں، دشمن کی مایوسی میں پاکستان کو 24 گھنٹے ہائبرڈ وار کا سامنا ہے، اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہیں، ہرسطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے۔