باجوڑ : ملک دشمن عناصر کو سر اٹھانے نہیں دیں گے

”باجوڑ کے عوام پاک فوج کے ساتھ ہیں، ملک دشمن عناصر کو سر اٹھانے نہیں دیں گے، باجوڑ میں امن و امن کی بحالی کے بعد کچھ لوگ یہاں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے۔”

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اور باجوڑ سے ممبر صوبائی اسمبلی انور زیب خان کے فرزند سکندر زیب خان، پاکستان تحریک انصاف باجوڑ کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمان، محمد ایوب خان، نجیب اللہ ہلال، ڈاکٹر ایوب، برہان سلارزئی، فضل منان اور دیگر نے باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندرزیب خان و دیگر مقررین نے کہا کہ چند روز قبل سول کالونی جرگہ ہال میں وکلاء برادری کی تقریب حلف برداری کے دوران جو واقعہ رونما ہوا وہ قابل افسوس ہے، مہمان کے ساتھ جو ہوا غلط ہوا ہم اس کا دفاع نہیں کر سکتے مگر سوال یہ ہے کہ ایسے ملک دشمن افراد کو باجوڑ کس نے مدعو کیا اور کیوں مدعو کیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ میں ایک سیاسی پارٹی کے رہنماء جس کی سیاست دفن ہو چکی ہے انہوں نے اس موقع کو کیش کیا اور اب بھی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ اس وقت ملکی ادارے، عدلیہ، سیاستدان اور فوج ایک پیج پر ہیں اور ہر کوئی اپنے اختیارات میں ملک کی بہتری کیلئے کام کر رہا ہے، اس صورت میں پی ڈی ایم جیسے مفادپرست سیاستدانوں پر مشتمل ٹولے کا وجود میں آنا کسی صورت قابل برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اس وقت موجودہ حکومت اور ملک کے مقدس اداروں کے خلاف عوام کو متنفر کر رہی ہے جس کو ہم مسترد کرتے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ باجوڑ میں برنگ ٹنل، قبائلی نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضے، باجوڑ میں 300 مساجد کی سولرائزیشن، باجوڑ کے ناوگئی سب ڈویژن کیلئے سپورٹس کمپلیکس کا قیام، ہر تحصیل کی سطح پر الگ الگ گراؤنڈ کی تعمیر اور بہترین ٹیلنٹ کے حامل نوجوانوں کو پروموٹ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کا مشترکہ دورہ باجوڑ نہایت کامیاب دورہ تھا، اس حوالے سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے مگر ایسا نہیں یہ دورہ نہایت کامیاب دورہ تھا جو باجوڑ کی تعمیر و ترقی میں نہایت اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں ایک بڑا منصوبہ مامدگٹ ٹو منڈا روڈ جس کی لاگت 7 بلین ہے پر کام شروع ہو چکا ہے، یہ باجوڑ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

واجھ رہے کہ گذشتہ دنوں باجوڑ بار کونسل کی حلف برداری تقریب شدید بدنظمی کا شکار اس وقت ہوئی جب شمالی وزیرستان سے منتخب ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ حاضرین سے مخاطب ہونے سٹیج پر پہنچے۔