بھارت نے الچی ڈیم سے پانی چھوڑ دیا، خیبرپختونخوا میں سیلاب کا خطرہ

پی ڈی ایم اے نے نوشہرہ سمیت مختلف اضلاع میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے الچی ڈیم سے پانی چھوڑ دیا گیا، یہ سیلابی ریلہ تقریباً بارہ گھنٹوں میں تربیلہ ڈیم پہنچے گا۔

اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے تربیلہ ڈیم انتظامیہ کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا اور دریائے کابل کے آس پاس آباد لوگوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا۔ ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے صورتحال سے متعلق لوگوں کو اعلانات کردیئے۔

پی ڈی ایم کے مطابق نوشہرہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ڈی آئی خان اور نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنروں کو اس حوالے سے تحریری لیٹر سینڈ کردئیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نوشہرہ کے علاقے بانڈہ شیخ اسماعیل،محب بانڈہ اور دریائے کابل کے کنارے ابادیوں کو احتیاط اور محتاط رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز کو سیلاب کے خطرے پیش نظرتمام تر حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایات بھی کی ہے۔

دوسری جانب ضلع نوشہرہ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر اویس بابر نے تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر کے سٹیشن میں رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے ریسکیو 1122 مکمل طور پر الرٹ ہے۔