سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سوات میں تین روزہ فیسٹیول

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے وادی سوات کے سیدو شریف ایئرپورٹ پر تین روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے پی کے حکومت کی جانب سے وادی سوات کے سیدو شریف ایئرپورٹ پر تین روزہ ایئر فیسٹیول سوات ویلی 9 اکتوبر سے 11 اکتوبر تک جاری رہے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے فیسٹیول کی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایئر فیسٹیول میں دس ہزار فٹ بلندی تک کا استعمال کیا جائے گا، فیسٹیول کے انعقاد کے لیے محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے ڈپٹی ڈی جی اے پی ایس کو درخواست دی گئی تھی۔

سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ سیدو شریف ایئرپورٹ کو فنکشنل نہ ہونے کے سبب اپنی ذمہ داری پر حکومت فیسٹیول کا انعقاد کرسکتی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ فیسٹیول کے دوران پی اے ایف رسالپور اکیڈمی سے روزانہ کی بنیاد پر تعاون کیا جائے، پاکستان ایئر فورس کی جانب سے جاری کردہ قوانین پر عملدرآمد کرنا لازم ہوگا۔

سی اے اے نے پشاور ایئر پورٹ کے سی او او کو فوکل پرسن مقرر کردیا، حکام کے مطابق سیکیورٹی کے لیے صوبائی حکومت اے ایس ایف ودیگر سیکیورٹی ایجنسیز سے رابطہ کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ 20 برس قبل ضلع سوات میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیدو شریف ایئرپورٹ کو بند کردیا تھا۔