آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا قبائلی ضلع مہمند کا دورہ

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے ضلع مہمند کا دورہ کیا۔

ضلع مہمند پہنچنے پر آئی جی پی بھائی ڈاگ تحصیل میں واقع ٹریننگ سکول گئے جہاں ریجنل پولیس آفیسر مردان شیر اکبر، کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل محمد جمیل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند طارق حبیب نے آئی جی پی کا استقبال کیا اور مہمند پولیس کے ایک چاق وچوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔

لیفٹننٹ کرنل احمد لطیف قریشی نے آئی جی پی کو ٹریننگ سکول میں لیویز اور خاصہ داروں کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر آئی جی پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی تربیت جوانوں کے پیشہ وارانہ کیرئیر کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے، جو اہلکار ٹریننگ سکول سے زیادہ علم، تربیت اور تجربہ حاصل کرکے نکلے گا، وہ فیلڈ میں عوام کی بہتر خدمت کی پوزیشن میں ہوگا۔

آئی جی پی نے ٹریننگ سکول میں فائرنگ رینج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر تربیت 250 اہلکاروں کے فائرنگ کے مختلف مظاہرے بھی دیکھے اور اہلکاروں کی نشانہ بازی کی مہارت اور جسمانی کرتبوں کو سراہا۔ بعد ازاں آئی جی پی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے ضلعی پولیس آفیسر کے دفتر میں پولیس حکام کے اجلاس کی صدارت کی جس میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پی نے بریفنگ کی روشنی میں اجلاس کے شرکاء کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ آئی جی پی نے پچھلے دنوں پولیس کی ایک کامیاب کاروائی میں بڑے پیمانے پر مارٹر گولے اور دیگر آتشین اسلحہ اور ہتھیار برآمد کرنے کی بہترین کارکردگی پر ضلع مہمند کے 13 پولیس اہلکاروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔