قبائلی ضلع خیبر میں ریسکیو 1122 سروس کا آغاز

خیبرپختونخوا حکومت نے ریسکیو 1122 کو قبائلی ضلع خیبر میں اپنی سروسز شروع کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری مراسلے میں ڈی جی ریسکیو 1122 کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع کی عوام کو 24 گھنٹے سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب قبائلی ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر کو مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع میں ریسکیو 1122 کے قیام کیلئے جمرود اور باڑہ میں عمارات تیار ہیں جو جلد از جلد محکمے کے حوالے کی جائیں۔

خیال رہے کہ ضلع میں ریسکیو 1122 سروس کے اجراء کے حوالے سے این اے 44 خیبر سے منتخب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔