قبائلی ضلع کرم، بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

قبائلی ضلع کرم میں بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے سکھ رہنماؤں نے شرکت کی۔

گوردوارہ تلہ صاحب میں منعقدہ تقریب میں ملک بھر سے  1700 سے زائد سکھ یاتری شریک ہوئے جن سے خطاب کرتے ہوئے بابا ہری سنگھ اور گوپال سنگھ نامی سکھ رہنماؤں نے کہا کہ انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جس پر وہ حکومت پاکستان کے وفادار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھ برادری کو اپنے ملک سے بےپناہ محبت ہے اور امسال جشن آزادی میں انہوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے ملک کی سالمیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

تقریب سے اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم زاہد یونس کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہی ہے اور ان کی مذہبی تقریبات کے دوران ان کیلئے سہولیات مہیا کرتی ہے جو ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

واضح رہے کہ بابا گرونانک قبائلی علاقوں میں صرف پاراچنار تشریف لائے تھے جہاں تین مقامات پر انہوں نے قیام کیا تھا آج ان تمام مقامات پر اک اک گوردوارہ تعمیر کیا گیا ہے۔