کرم کے بعد ضلع خیبر میں بھی پولیس ٹریننگ کا آغاز

قبائلی ضلع کرم کے بعد ضلع خیبر میں بھی سابق خاصہ دار اور لیویز فورس کی پولیس ٹریننگ کا کل سے باقاعدہ اآغاز کیا جا رہا ہے۔

ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر محمد اقبال کے مطابق ضلع خیبر کی تینوں تحصیلوں لنڈی کوتل، جمرود اور باڑہ کی سابق لیویز اور خاصہ دار فورس کے 450 اہلکاروں کی ٹریننگ کل سے شاہ کس لیویز سنٹر اور شاہ کس فورٹ میں باقاعدہ شروع کی جائے گی جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اقبال نے کہا کہ پولیس فورس میں تمام ترقیاں میرٹ پر ہوں گی، پولیس میں شولڈر پروموشن کی کوئی حیثیت نہیں اور شولڈر پروموشن لگانا غیرقانونی ہے، جلد ہی شولڈر پروموشن ختم کرنے کے لئے آرڈر جاری کیا جائے گا۔

محمد اقبال نے کہا کہ ضلع خیبر کے سابق خاصہ دار فورس اور لیویز فورس کے تمام اہلکاروں کی پولیس ٹریننگ مرحلہ وار کی جائے گی تاکہ پولیس کی جوانوں کی تربیت اچھے طریقے سے ہو سکے اور وہ علاقے میں بہتر ڈیوٹی سرانجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن کا قیام، عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کی خدمت کے لئے ہمارے دفاتر کے دروازے دن رات کھلے رہیں گے۔

ڈی پی او خیبر کے مطابق علاقے کے ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آئے اور وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔

واضح رہے کہ کرم پولیس کے 400 اہلکاروں کی پاک فوج اور پولیس کے زیرنگرانی تربیت کا آغاز ہو چکا ہے، ٹریننگ میں جوان بنیادی پولیسنگ، کے پی پولیس ایکٹ، شعبہ تفتیش سمیت بیسک پولیسنگ کے بارے میں سیشنز لے رہے ہیں۔