خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی نوٹیفیکشن جاری

خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم نے 15 ستمبر سے بالآخر تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق 15 ستمبر سے نویں، دسویں، گیارویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت شروع کی جائے گی۔

محکمہ نے تمام سٹاف کو بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہے۔

دوسری جانب ہائیر ایجوکیشن نے 15 ستمبر سے ملک بھر میں یونیورسٹیاں بھی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا حتمی فیصلہ دو دن پہلے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہوا تھا جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے تھے جبکہ چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بھی شرکت کی تھی۔ اجلاس میں وزارت صحت کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی تھی جس کی روشنی میں 3 مراحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں، میٹرک، کالج اور یونیورسٹی کی کلاسز کو کھولا جائے گا۔ بڑی جماعتوں کی کلاسز کھولنے کے بعد کورونا وائرس کے صورتحال اور کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔

صورتحال کا جائزہ لینے کے ایک ہفتے بعد دوسرے مرحلے میں 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت میں تدریسی عمل کی اجازت دی جائے گی۔

تیسرے اور آخری مرحلے میں 30 ستمبر سے پہلی سے پانچویں تک کی کلاسز کو کھولا جائےگا۔ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا اور طلبا کو ماسک لازمی پہننا ہوگا۔