زیارت ماربل واقعہ: جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی

ضلع مہمند کے زیارت ماربل مائنز واقعے میں مزید 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔ 6 افراد اب بھی لاپتہ ہے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

امدادی کاروائی میں ریسکیو 1122، مقامی پولیس، پاک ارمی، ایف سی کے جوان اور مقامی لوگ شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سانحہ زیارت آپریشن میں امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ 15 گھنٹے گزرنے کے باوجود پتھر ہٹانے کے لئے کوئی بھاری مشینری نہیں ہے۔

ڈی جی ریسکیو 1122 پشاور کے دفتر سے جاری معلومات کے مطابق ریسکیو ٹیم کا سرچ آپریشن جاری ہے، پشاور اور چارسدہ سے اضافی اہلکار ضلع مہمند پہنچ چکے ہیں، 8 ایمبولینسز، 3 ریسکیو ویکلز، ریکوری ویکلز اور دیگر آلات حصہ لے رہے ہیں جبکہ 120 اہلکار آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مہمند کی تحصیل صافی مشہور زیارت ماربل پہاڑگزشتہ روز گر گیا ہے جس کا ملبہ متعدد ماربل مائنز میں جا گرا۔

علاقے کے عوام نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع مہمند انتظامیہ کے ساتھ ایسے حادثات میں بروقت ہنگامی امداد کا میکانیزم تیار کیا جائے، اور ماہانہ کروڑوں روپے کمانے والے معدنیات ٹھیکیداروں کو حفاظتی انتظامات اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات اپنے پاس رکھنے کا پابند بنایا جائے تاکہ حادثات کی صورت میں غریب مزدور کار طبقے کے جانی نقصانات کی شرح کم ہو سکے۔