ممتاز کرکٹر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے عوام نے ملک بھر میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
سابق ٹیسٹ کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے یوم دفاع کے موقع پر وزیرستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے مشیران، عمائدین، معززین اور علاقہ مکینوں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے عوام نے ملک بھر میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، وہ محب وطن ہیں، بنیادی سہولیات اور ترقی ان کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں شمولیت کے بعد یہاں کے عوام کو وہ تمام تر بنیادی سہولیات میسر ہونی چاہیں جو پاکستان کے دیگر علاقوں میں حاصل ہیں، یہاں کے عوام کی ناقابل فراموش قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
سابق کپتان نے کہا کہ زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک دن جنوبی وزیرستان میں جانباز جوانوں اور اپنے لوگوں کے ساتھ گزارا، شولم اسپتال، وانا کیڈٹ کالج، ایگریکلچرل پارک، کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ، مشیران سے ملاقات مسرت کن رہی، جب کہ اپنے آبائی گاؤں جیسا پیار، گرم جوشی، مہمان نوازی، گہماگہمی اور امن و سکون سے بہت مسرت محسوس ہوئی۔