ٹانک میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

ملک کے دیگر شہروں کی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں بھی یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا اور افواج پاکستان کے بہادر شہید سپوتوں کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کی گئی۔

سیکٹر ہیڈ کوارٹر ساؤتھ اور 24 سندھ رجمنٹ کے زیر اہتمام ایف سی قلعہ میں ایک پرقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکٹر کمانڈر ساؤتھ، ڈپٹی کمشنر کبیر آفریدی، ڈی پی او عارف خان، ڈی او ایف سی ٹانک، کمانڈنگ آفیسر 24 سندھ رجمنٹ، ڈی ایس پی اقبال بلوچ، مقامی صحافیوں، سول و فوجی حکام، معززین علاقہ، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہداء کے اہلخانہ شریک تھے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ساؤتھ، ڈی سی ٹانک، ڈی پی او ٹانک اور ڈی او ایف سی نے یادگاہ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعاء کی۔

تقریب میں سکولوں کے طلباء نے ملی نغمے، قومی ترانے، ٹیبلو اور خاکے پیش کرکے وطن عزیز کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کی۔

تقریب سے سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان ملکی سالمیت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، افواج پاکستان ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی دی ہوئی قربانیوں کو ہم بھولے نہیں ہیں کیونکہ زندہ قومیں اپنے اسلاف کی دی ہوئی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتیں اور ہمیشہ وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اہنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں، آج کا دن ہمیں ان قومی ہیروز کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اہنے آج کو ہمارے کل پر قربان کر دیا۔

تقریب کے اختتام پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ، کمانڈنگ آفیسر 24 سندھ، ڈی سی، ڈی پی او اور ڈی او ایف سی نے 6 ستمبر کے مناسبت سے اچھی کارکردگی پیش کرنے والے بچوں، طلباء اور شہداء کے خاندانوں میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پاک فوج کی جانب سے تقریب کے موقع پر شرکاء کو فوجی ساز و سامان اور جدید اسلحہ بھی دکھایا گیا جس سے شرکاء اور طلباء لطف اندوز ہوتے رہے۔