سیلاب کا خطرہ: بیشتر اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری

حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائے کابل میں طغیانی آ گئی، نوشہرہ کلاں، نوشہرہ کینٹ، بدرشی، مثل آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے الرٹ جاری کر دیا جبکہ دریائے کابل کے کنارے کچی آبادیوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنے کی ہدایت کری گئی۔

ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تمام سرکاری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ طلحہ زبیر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مسلسل چار روز تک بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں مگر برساتی نالوں میں طغیانی کی صورت میں دریائے کابل میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، دریائے کابل اور نشیبی علاقوں میں رہائش پزیر عوام فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل محمد عمران کی زیر صدارت اے سی افس میں ٹی سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی میٹنگ بلائی گئی جس میں ایڈیشنل اے سی شمس الاسلام،طاسسٹنٹ کمشنران زیر تربیت، محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122، سی اینڈ ڈبلیو، پبلک ہیلتھ، ٹی ایم اے کے ساتھ سیلاب کے خطرے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا کیا گیا۔

میٹنگ میں باقاعدہ طور پر صوبائی حکومت کے واضح احکامات کی روشنی پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں تمام محکموں کو فوری الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ہر قسم کے حالات اور تمام حفاظتی اقدامات فوری عمل میں لاتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری تیار ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 75843 کیوسک، خوازہ خیلہ 40872 اور دریائے پانچکوڑہ 30222 کیوسک ہے،پانی کے یہ ریلے دریائے سوات اور دریائے پانچکوڑہ سے دریائے کابل میں داخل ہوں گے اور چارسدہ اور نوشہرہ سے گزریں گے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق نوشہرہ اور چارسدہ کے دریاؤں میں پانی کا ریلہ رات گئے تک پہنچنے کا امکان ہے، دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد الرٹ رہیں اور صورت حال سے باخبر رکھا جائے، ‘موجودہ حالات کے تناظر میں پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قر یبی رابطے میں ہے، سیاحوں سے گزارش ہے کہ احتیاط کریں۔’