مالم جبہ : صوبائی صدر امیر مقام کی رہائشگاہ میں آتشزدگی

پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کی ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ میں قائم رہائش گاہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والی آتشزدگی سے ان کا مکان خاکستر ہو گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مالم جبہ میں امیر مقام کی رہائش گاہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی اور دیگر مہمان ٹھہرے ہوئے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں امیر مقام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘مالم جبہ میں میری رہائش گاہ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی اور عمارت مکمل طور پرجل کر خاکستر ہو گئی’۔

انہوں نے لکھا کہ ‘اللہ رب العزت کا شکر گزار ہوں کہ فیصل کریم کنڈی اور دیگر مہمان جو وہاں موجود تھے، محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا’۔

امیرمقام کا کہنا تھا کہ ‘بنگلے اور مکان تو پھر بھی بن جاتے ہیں لیکن انسان دوبارہ نہیں آ سکتے’۔ رپورٹ کے مطابق عمارت کے جس حصے پر آگ لگی تھی وہ لکڑی سے بنا ہوا تھا۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے فوری طور پر پہنچ کر امدادی کام شروع کیا اور 2 گھنٹوں کی طویل جدوجہد کے بعد آگ کو بجھا دیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں کہا کہ ‘مالم جبہ میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما امیر مقام کی رہائش میں آتشزدگی کا سن کر افسوس ہوا، اللہ کا شکر ہے کہ تمام لوگوں محفوظ ہیں’۔