پشاور : تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، تین دہشت گرد گرفتار

پشاور پولیس نے محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ کیپٹل سٹی پولیس اور سی ٹی ڈی پشاور نے یہ کاروائی متنی کے علاقے میں کی۔

ایس ایس پی آپریشن منصور امان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے گرفتار ملزمان میں بلال ،عبد القدیرساکنان ضلع خیبراور اختیار گل سکنہ ضلع مہمند شامل ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے چار کلو گرام سے زائد بارودی مواد، ڈیٹو نیٹرز، پرائما کارڈزاور نٹ بولٹ برآمد ہوئے جبکہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری،آئی ای ڈی اٹیک اور سکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔

ایس ایس پی آپریشن کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دو عدد 9mm اور ایک عدد30 بورپستول بھی برآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردشہر کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔