افغانستان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 100 سے زائد افراد جاں بحق

افغانستان کے صوبے پروان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی اور خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد افغان شہری جاں بحق اور300 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ سینکڑوں گھر تباہ ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل کے شمال میں 60 کلومیٹر کے فاصلے پر بگرام ائیربیس کے قریب واقع افغان صوبہ پروان کے صدرمقام چاری کار میں منگل کی علی الصبح ہونے والی تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی اورایک اندازے کے مطابق ایک ہزار گھر تباہ ہوگئے جس کے باعث 100 افراد جاں بحق اور 300 زخمی جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے۔

بتایاجاتا ہے کہ جاں بحق و زخمی افراد میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں ۔ غیرملکی خبررساں ادارے رائٹر کے مطابق افغان محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ترجمان تمیم عظیمی نے 72 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرلی ہے۔

اطلاعات کے مطابق متعدد افراد گھروں کے ملبے تلے دب گئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے امدادی ادارے پہنچ گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سیلاب اْس وقت آیا جب زیادہ ترمقامی افراد محوخواب تھے۔

صوبائی ترجمان وحیدہ شاہکار کے مطابق کافی لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیوآپریشن جاری ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزیداضافہ کا خدشہ ہے۔ مقامی ہسپتال کے سربراہ عبد القاسم سنگین کے مطابق بدھ کی صبح ہسپتال میں68 لاشیں جبکہ 90 زخمی لائے گئے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑزرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچاہے جبکہ دارالحکومت کابل سے مشرقی اور شمالی صوبوں جانے والی مرکزی شاہراہیں بھی بند ہوگئی ہیں۔ دیگر صوبوں میدان وردک ‘ ننگرہار‘ پکتیا اور پنج شیر وغیرہ میں بھی بارش اور سیلاب نے کافی جانی و مالی نقصان کیا ہے۔