قبائلی اضلاع سے منتخب 3 ارکان اسمبلی بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل

خیبر پختونخوا اسمبلی میں قبائلی اضلاع سے نو منتخب 3 ارکان صوبائی اسمبلی نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کے پی کے اسمبلی میں قبائلی اضلاع سے نومنتخب 3 ارکان صوبائی اسمبلی بلاول، شفیق اور عباس الرحمان نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ خفیہ رائے شماری کا مقصد ہی اپنی مرضی کا ووٹ ڈالنا ہوتا ہے، ایسا کیوں سمجھا جاتا ہے کہ جیتنے والے نے ہی ہارس ٹریڈنگ کی ہوگی، انہوں ںے کہا کہ یہ کیوں نہیں سوچتے کہ اپوزیشن ارکان اپنی پارٹی پالیسیوں سے نالاں ہیں، ان کی اپنی پارٹی سے حاصل بزنجو کے نام پر یا کسی اور وجہ سے ناراضگی بھی ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں شمولیت پر نومنتخب صوبائی اراکین اسمبلی کا شکر گذار ہوں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا بھی مشکور ہوں۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ کے پی میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے، ہم صوبوں میں پسماندگی کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں اور ملک کی ترقی و خوش حالی ہماری ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ پی کے 110 کرم سے منتخب آزاد امیدوار سید غازی غزن جمال اور پی کے 107 خیبرسے منتخب آزاد امیدوار محمد شفیق شیر آفریدی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ شفیق آفریدی اس سے قبل بھی تحریک انصاف میں شامل تھے تاہم پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے پی ٹی آئی سے راہیں الگ کرلی تھیں۔

قبائلی اضلاع سے پی ٹی آئی کو 5، آزاد امیدواروں کو 6، جمعیت علمااسلام (ف) کو 3، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور جماعت اسلامی کو ایک ایک نشست پر کامیابی ملی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ 20 جولائی کو 16 صوبائی حلقوں کے لئے ہونے والے انتخابات میں کل 285 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔