خیبر پختونخوا : اسکول کھولنے سے قبل عمارتیں دھونے کی ہدایت جاری

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

خیبر پختونخوا میں 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے میں اسکول کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں، جس کے تحت صوبے میں 15 ستمبر سے تعلیمی سلسلہ شروع ہو جائے گا، تاہم اسکول کھلنے سے دو دن پہلے تمام درسگاہیں پانی میں سرف اور ڈیٹول ڈال کر دھلوائی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول سربراہ عملے سمیت ایس او پیز پر عمل یقینی بنائے گا، تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے اسکول کونسل اور اسٹاف میٹنگ کے علاوہ والدین کو آگاہی دی جائے، کلاس انچارج کے پاس بچوں کے والدین کے موبائل نمبرز کی فہرست لازمی ہو، والدین بچوں کو ماسک پہنا کر اور ہاتھ دھلوا کر اسکول بھیجیں، بیمار بچے کو اسکول نہ بھیجیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اور والدین بچوں کو 3 سے 6 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات دیں، بچوں کو ماسک پہننے، ہاتھ دھونے، آنکھ ناک کان نہ چھونے کی تربیت دی جائے، کلاس رومز روزانہ دھلوانے کے ساتھ چھوئے جانے والی تمام اشیاء روز صاف کی جائیں، اسکول میں ہاتھ دھونے کا زیادہ سے زیادہ انتظام ہو، ہر کلاس روم میں اسپرے اور سینیٹائزر موجود ہو اور ان کے استعمال کی مانیٹرنگ کی جائے، کوئی بچہ دوسرے سے کاپی، پنسل، کتاب، اسٹیشنری نہ لے، بریک، اسپورٹس، اسمبلی پر پابندی ہوگی۔