خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کا سفری کارڈ بلاول کو بھی بھیج دیا

وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شاہ محمد نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے  پر تنقید کرنے  پر  انہیں بی آرٹی میں سفری کارڈ بھیج دیا ہے۔

ملکی نیوز چینل جیو نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیرٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا شاہ محمد وزیر نے کہا کہ اب بلاول بھٹو آئیں انہیں بی آرٹی کی سیر بھی کرائیں گے اور مہمان نوازی بھی کریں گے اور انہیں دکھائیں گے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کے لیے بی آر ٹی بنائی ہے۔

بعدازاں وزیر ٹرانسپورٹ نے طنز کرتے  ہوئے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت بھی گرین بس کا ایک کارڈ مجھے بھی بھیجے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دراصل  اپوزیشن سے بی آر ٹی منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا۔

انہوں نے بتایا کہ بی آرٹی جون 2021 میں مکمل ہونا تھی ہم نے سال پہلے بنالی ہے، بی آرٹی تیار ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا جیسے ہی سگنل دیں گے افتتاح کر دیا جائےگا۔

یاد رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔

اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو  71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

5 دسمبر 2019 کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آرٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا۔