عوامی نیشنل پارٹی کا 34واں یوم تاسیس

عوامی نیشنل پارٹی کا 34واں یوم تاسیس آج منایا جا رہا ہے لیکن کورونا وباء کی وجہ سے اس سال باچا خان مرکز پشاور میں بڑی تقریب نہیں ہو گی لیکن تمام اضلاع میں کورونا وباء سے بچاؤ کے ایس او پیز کے مطابق تقاریب منعقد ہوں گی۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبائی صدر ایمل ولی خان کی ہدایت پر تمام کارکنان اپنے گھروں، حجروں، دکانوں اور گاڑیوں پر سرخ جھنڈے لگائیں گے۔

مرکزی ہیڈکوارٹر باچا خان مرکز پشاور میں 26 جولائی کی رات 12 بجے آتش بازی کے ذریعے تقاریب کا آغاز کیا جائے گا۔

یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کارکنان پر زور دیا کہ باچا خان کے فلسفے پر کاربند رہتے ہوئے اپنا بیانیہ گھر گھر پہنچائے، آنے والا سال پشتون ثقافت کو اجاگر کرنے کا سال ہو گا اور پشاور سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کو دنیا بھر میں پشتو زبان اور پشتون ثقافت کا مرکز بنائیں گے اور حقیقی معنوں میں اسے پھولوں، نغموں، امن اور خوشحالی کا شہر بنائیں گے۔