ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ : خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا منصوبہ

وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ تانیہ ادریس اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے گزشتہ روز ہری پور میں تعمیر کی جانے والے منصوبے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران ایم پی اے ارشد ایوب خان، سابقہ صوبائی وزیر یوسف ایوب خان، سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مختیاراحمد، ڈاریکٹر آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید، ڈپٹی ڈائریکٹر عمران خان، پلاننک اینڈ انفراسٹرکچر انجینئر ظہور شاہ اور دوسرے اعلی عہدیدار شریک تھے۔ اس موقع پرخیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹر عاصم جمشید نے شرکا کو بریفنگ دی۔

شرکا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی آئی ٹی سیکٹر میں خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے،88 کنال رقبے پر محیط یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی بدولت صوبائی حکومت ہری پور کو ایک ڈیجیٹل سٹی بنانا چاہتی ہے۔ مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ لوگوں کے لئے ایک اہم خوشخبری ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے آئی ٹی کمپنیوں کو کم لاگت پر بہترین ماحول مہیا ہوگا۔

ضیاء اللہ بنگش کے مطابق بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کو بھی پاکستان ڈیجیٹل سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کے پی آئی ٹی بورڈ اس منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دینا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے سال 2020 کو ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا سال قرار دیا ہے۔

دورے میں شریک شرکا کو بریفنگ کے دوران خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹر عاصم جمشید کا کہنا تھا آئی ٹی کی ترقی کے لئے اس قسم کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی کی تکمیل کے لئے مکمل منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس ڈیجیٹل سٹی کے قیام سے تمام آئی ٹی کمپنیوں کو ایک چاردیواری میں تمام بنیادی سہولیات میسر ہونگے جس سے ناصرف خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع مئیسر ہونگے بلکہ اس میدان میں ترقی کی راہ بھی ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ تانیہ ادریس کے مطابق پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا منصوبہ وزیراعظم کی ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی عکاسی ہے، یہ منصوبہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لئے روزگار کا ذریعہ ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لارہے ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی بورڈ کے منصوبوں کی تعریف کی اور ڈیجیٹل پاکستان کی مدد میں بورڈ کی کاوشیں قابل تعریف قرار دیا۔