خیبرپختونخوا: کورونا کے باعث معطل پولیو مہم آج سے دوبارہ شروع

صوبہ خیبر پختونخوامیں کورونا وباء کے باعث معطل ہونے والی انسداد پولیو مہمات کو 4ماہ کے تعطل کے بعدبحال ہوگیا ہے جس کی شروعات آج جنوبی وزیرستان سے ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت جنوبی وزیرستان کے مطابق قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں آج سےپانچ روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، مہم کے دوران5سال سے کم عمر کے ایک لاکھ تین ہزار سے زائد ہزاربچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے مطابق پولیو مہم کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 609ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
مہم کے لئے594موبائل اور15 فکسڈٹیمیں اور نگرانی کے لئے167ایریا انچارجز تعینات ہوں گے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ فروری 2020 میں پولیو مہم کی گئی تھی۔ محکمہ صحت کے مطابق جنوبی وزیرستان میں رواں سال پولیو کے اب تک تین کیسز سامنے آئے ہیں، دوپولیو کیسز تحصیل شکئی اور ایک برمل میں آیا ہے جبکہ آج سے شروع ہونے والی مہم پولیو وائرس پی ٹو کی ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ پولیو ورکرز اور سٹاف کو کورونا وائرس وباء کے تناظر میں محفوظ ویکسینیشن کی تربیت دی گئی ہے۔ کورونا ایس اوپیز پر عملدارمد کو یقینی بنانے کے لیئے یونین کونسل سطح پر 78 میڈیکل افسیر ڈیوٹی سرانجام دینگے۔

خیبرپختونخوا کے وزیرصحت و خزانہ تیمورسلیم خان جھگڑا نے پشاور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کوروناء وبا کے باعث 19مارچ سے صوبہ خیبر پختونخوا میںمعمول کی ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ انسداد پولیو کی مہمات معطل کردی گئی تھیں ویکسینیشن مہمات میں تقریبا4ماہ کے تعطل کے باعث صوبہ میں بچے پولیو سمیت مختلف بیماریوں سے متاثر ہونے اور ان کی قوت مدافعت کم ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ وفاقی وزارت صحت اور بین الاقوامی معاون اداروں کی تجاویز پرانسداد پولیو مہمات سمیت ویکسینیشن سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پرانسداد پولیو کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط، محکمہ صحت اور ای پی آئی کے اعلیٰ حکام، عالمی ادارہ اطفال (یونیسیف) ،ڈبلیو ایچ او، بی ایم جی ایف اور دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ تیمورسلیم خان جھگڑانے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا تاہم بچوں کی صحت اور مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے اس لئے جس طرح مختلف علاقوں میں مرحلہ وار سمارٹ لاک ڈائون پر عمل کرکے کورونا وائرس کی وباء سے کامیابی سے نمٹا جارہا ہے اسی طرح ایمرجنسی آپریشن سنٹرخیبرپختونخوا کے زیراہتمام ایک سمارٹ اور مرحلہ وار حکمت عملی کے تحت صوبہ میںانسدادپولیو مہمات کو بھی بحال کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے میڈیاکو بتایا کہ پولیو ورکرز کی اپنی، بچوں اور کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پولیو ورکرز اور فیلڈ سٹاف کورونا وائرس کی وباء کے تناظر میں ہرلحاظ سے محفوظ ویکسینیشن کی تربیت دی گئی ہے مہم کے دوران سماجی فاصلہ سمیت تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گااورسٹاف کو سرجیکل ماسکس، ہینڈ سینیٹائزرز اور انفراریڈ تھرمامیٹرز سمیت ذاتی تحفظ کا سامان (پی پی ایز)فراہم کیا جارہاہے انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پولیو مہمات کا انعقاد بچوں کی صحت اور تحفظ کے لئے حکومت، ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور پولیو ورکرز کے عزم کی عکاسی ہے اس لئے معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص والدین بچوں کوپولیو کے ہاتھوں معذوری سے بچانے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے آگے آکر ان مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔