گل پانڑہ ڈانس ویڈیو پر ڈی سی خیبر برہم، تحقیقات کا حکم

آج کے لنڈی کوتل ڈی سی بنگلے میں ویڈیو بنانے کے معاملے پر ڈی سی خیبر محمود اسلم وزیر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل محمد عمران کو 24 گھنٹے کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ٹی این این ذرائع کے مطابق ڈی سی خیبر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ڈی سی بنگلے لنڈی کوتل میں پشتو گلوکارہ گل پانڑہ کی جانب سے ٹک ٹاک کے لئے جو ویڈیو بنائی گئی ہے اس عمل سے ضلعی انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں ہے اور اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی کہ بغیر اجازت کے کیسے ایک فیملی ڈی سی بنگلے میں داخل ہوئی اور پھر کیسے ایک سرکاری عمارت میں ٹک ٹاک ویڈیو بنائی گئی جبکہ اس حوالے سے نہ تو ڈی سی خیبر سے اجازت لی گئی تھی اور نہ ہی اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل کے نوٹس میں معاملہ لایا گیا تھا۔

بیا میں مزید کہا گیا ہے کہ پشتو گلوکارہ اپنی فیملی کے ہمراہ لنڈی کوتل نجی دورے پر آئی تھی اور یہ کوئی سرکاری یا پرٹوکول کا دورہ نہیں تھا۔

ڈی سی خیبر کے مطابق تمام لوگ ہمارے لئے معزز ہیں لیکن اس طرح بغیر اجازت کے سرکاری بلڈنگ میں جانا اور وہاں پر ٹک ٹاک لئے ویڈیو بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس عمل میں جو کوئی بھی ملوث ہو گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس حوالے سے ٹاسک اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل محمد عمران کے حوالے کردیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کے اندر رپورٹ جمع کریں گے۔

واضح رہے کہ لنڈیکوتل ڈی سی بنگلے میں پشتو کی مشہور گلوکارہ گل پانڑہ کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق لنڈی کوتل میں قائم ڈی سی خیبر کے بنگلے میں مشہور پشتو گلو کارہ گل پانڑہ سخت سیکیورٹی میں نمودار ہوئیں اور یہاں ٹک ٹاک کے لئے مختصر ویڈیو بنائی جس میں وہ رقص کرتی دکھائی رہی ہیں۔

پروٹوکول کے ساتھ گلوکارہ گل پانڑہ حمزہ بابا کے مزار اور میچنی چیک پوسٹ بھی گئیں، دوسری جانب مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، کسی نے گل پانڑہ کی لنڈی کوتل آمد اور رقص کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کو علاقائی امن اور سیاحت کے لئے ضروری قرار دیا اور اس کو بہترین تفریح کا ذریعہ قرار دیا جبکہ مذہبی حلقوں کی جانب سے اس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔