کورونا وبا: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ ملتوی

کورونا وبا کے باعث ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ اب رواں برس ستمبر شیڈول ایشیا کپ آئندہ سال جون میں ہونے کا امکان ہے، سری لنکا کرکٹ ایشیا کپ 2021 کی میزبانی کرے گا۔

اے سی سی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اب ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کرے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے کئی موقع پر ایونٹ کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا، ایگزیکٹو بورڈ کی خواہش تھی کہ ایشیا کپ شیڈول کے مطابق ہو لیکن لاجسٹک مسائل، بائیو سیکیور ماحول اور قرنطینہ جیسے مسائل کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنا پڑا۔

اے سی سی کے مطابق کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کی صحت اولین ترجیح ہے، آئندہ سال جون میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے کے لیے کوشاں ہیں جس کی میزبانی سری لنکا کرے گا جبکہ ایشیا کپ 2022 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے باضابطہ اعلان سے قبل ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر ساروو گنگولی نے اپنے طور پر ایشیا کپ کی منسوخی کا اعلان کر دیا تھا۔ ایک انٹرویو میں بی سی سی آئی کے صدر ساروو گنگولی کا کہنا تھا کہ ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ نہیں کھیلا جائے گا، بھارتی کرکٹ ٹیم کی دسمبر میں سیریز کے لیے حکمت عملی بنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2020 رواں سال پاکستان میں شیڈول تھا لیکن پی سی بی نے ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کے ساتھ تبدیل کرنے فیصلہ کیا تھا کیوں کہ وہاں کورونا کی صورتحال پاکستان سے بہتر تھی تاہم اب ایونٹ ہی ملتوی کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب کووڈ 19 کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایک سال کے لیے ملتوی ہونے کا امکان ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے جس کا باضابطہ اعلان آئی سی سی آئندہ ایک دو ہفتوں میں کرے گا۔