افغانستان سے فائرنگ کے نتیجے میں باجوڑ میں تین مزدور زخمی

باجوڑ کے تحصیل چارمنگ میں افغانستان کی سرزمین سے ہونے والے فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق بارڈر کے نزدیک ہلال خیل علاقے میں یہ افراد مزدوری کے کام کاج میں مصروف تھے کے بارڈر کے دوسری جانب سے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں مزدور زخمی ہوگئے جنہیں فرنٹئیر کور کے اہلکاروں  نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سی ایم ایچ پشاور منتقل کرگئیں۔

خیال رہے کہ باجوڑ سمیت افغانستان سرحد سے متصل پاکستانی علاقوں میں وقت در وقت ایسے حملے ہوتے رہتے ہیں جن میں ماضی میں بھی کئی قیمتی جانیں ضایع ہوئی ہیں۔

گزشتہ مہینے بھی باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں افغانستان کی سرزمین سے فائر کیا جانے والا مارٹر گولہ آبادی پر آگرا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ سالہ بچی زخمی ہوگئی تھی۔ اس حملے میں کئی جانور بھی ہلاک ہوگئے تھے۔