چارسدہ کے 8 علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن

خیبرپختونخوا کے دیگر دس اضلاع کی طرح چارسدہ کے ضلعی انتظامیہ نے بھی ضلع کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤں نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چارسدہ کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن ضلع کے 8 علاقوں میں نافذ کیا جا رہا ہے جن میں میرہ رجڑ 2، ترنگزئی، سکڑ، دولت پورہ، مارغان، شوڈاگ، اوچہ کنڈا، اور غزگی شامل ہیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن میں کسی کو بھی علاقے سے نکلنے اور داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس دوران ان علاقوں میں تمام تجارتی سرگرمیاں اور اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ کے مطابق لاک ڈاؤن کے علاقوں میں صرف ادویات، جنرل سٹورز، اشیائے خورد و نوش کی دوکانیں اور تندور کھلے رہیں گے اور ان علاقوں میں واقع مساجد میں بھی پانچ افراد سے زیادہ کے باجماعت نماز پر پابندی ہوگی۔

خیبرپختوںخوا حکومت نے چند روز پہلے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے احکامات کے بعد 10 اضلاع کے مخصوص علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا جن میں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، دیر لوئر، مانسہرہ، ہری پور، چترال، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور قبائلی ضلع خیبر شامل ہیں