کرم پولیس اور اقوام زیڑان کے مابین منشیات کے خاتمہ کیلئے نشست

کرم پولیس اینٹی ڈرگ سکواڈ اور اقوام زیڑان کے مابین معاشرے سے منشیات کے خاتمے اور منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے کے حوالے سے زیڑان امام باغ میں ایک نشست ہوئی.

نشست میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ زیڑان اقوام منشیات کے اڈوں کی نشاندہی کرکے پولیس کو آگاہ کریں گے اور نشے کے عادی افراد کو علاج کیلئے پولیس کے حوالے کریں گے۔ جنہیں بعد ازاں ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سنٹر منتقل کردیا جائے گا، جہاں پر ان کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس طرح منشیات کے عادی افراد معاشرے کے کار آمد شہری بن کر باعزت زندگی گزار سکیں گے۔  عوامی حلقوں نے اس کاوش کو سراہتے ہوئے ڈی پی او کرم کی اس کاوش کو بہترین الفاظ میں یاد کیا ہے۔

ڈی پی او کرم محمد قریش نے اقوام زیڑان کی طرح دیگر اقوام کو بھی اس سلسلے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اس لعنت کے خلاف یکجہتی سے اقدامات کے ذریعے معاشرے سے اس ناسور کو ختم کرکے آنے والی نسلوں کو منشیات سے پاک معاشرہ فراہم کریں۔