باجوڑ میں افغانستان سے مارٹر گولے گرنے سے ایک شخص جاں بحق

باجوڑ کے تحصیل سلارزئی میں افغانستان کی طرف سے فائر کئے گئے مارٹر گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ سالہ لڑکی زخمی ہوگئی ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق مارٹر گولے افغانستان کے کنڑ صوبے سے فائر کئے گئے تھے جو کہ گرداو کے علاقے میں ابادی پر گرے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر پر ایک مارٹر گولہ گرنے سے بخت اللہ نامی مقامی شخص جاں بحق جبکہ آٹھ سالہ رشیدہ بی بی زخمی ہوگئی ہے۔ حملے میں کئی مال مویشی بھی مارے گئے ہیں۔

واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ باجوڑ کی مقامی ترکھانی اور اتمانخیل قبائل نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور افغانستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استمال نہ ہونے دے۔

خیال رہے کہ باجوڑ سمیت افغانستان سرحد سے متصل پاکستانی علاقوں میں وقت در وقت ایسے حملے ہوتے رہتے ہیں جن میں ماضی میں بھی کئی قیمتی جانیں ضایع ہوئی ہیں