خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے متجاوز

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے متجاوز ہو گئی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے سے 487 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ خیبرپختونخوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 27 تک جاپہنچی۔

رپورٹ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں سب سے زیادہ اموات واقع ہوئیِں اور 20 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے ساتھ صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 473 تک پہنچ گئی۔

لوئر دیر میں کو رونا وائرس کے مریضوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 نئے کیسز سامنے آئے جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد خان، اسسٹنٹ کمشنر چکدرہ طارق حسین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ادینزئی شیر رحمان اور ایک لیڈی ڈاکٹر سمیت تین ڈاکٹرز، محکمہ صحت کے پانچ اہلکار، ایک پولیس افیسر اور ایک صحافی بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب نوشہرہ میں کرونا وائرس سے دو ڈاکٹرز سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق معروف بزرگ چلڈرن اسپشلسٹ ڈاکٹر اعظم، ڈاکٹر اورنگزیب اور 35سالہ محمود نامی نوجوان کورونا سے جاں بحق ہوگئے۔

صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

نوشہرہ پبی کے علاقے خان شیرگڑھی سے تعلق رکھنے والے 35سالہ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ کورونا آئیسولیشن وارڈ میں جاں بحق ہوگئے، نوشہرہ میں کورونا سے اب تک دو ڈاکٹرز سمیت 22 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اسی طرح ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ کے سابقہ ایم ایس ڈاکٹر پھگ چند کرونا وائرس کے شکار ہوگئے جنہیں گھر پر ہی آئسولیڈ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کے مطابق الحمد اللہ سات مریض صحت یاب ہوگئے ہیں، ضلع نوشہرہ میں اب تک 130 افراد کرونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں، کھنڈر ٹیکنیکل کالج قرنطینہ سنٹر میں صحت یاب ہونے والے 07 مریضوں کر رخصت کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70901 ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 1519 ہو گئی ہیں۔