اے این پی رہنماء حاجی غلام احمد بلور بھی کورونا وائرس کا شکار

عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما غلام احمد بلور کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

رکن صوبائی اسمبلی ثمر بلور  کے مطابق حاجی غلام احمد بلور کی طبیعت 2 روز سے خراب تھی، علامات ظاہر ہونے پر بزرگ سیاستدان کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آ گیا۔

رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ غلام بلور کی صحت میں اب بہتری آئی ہے۔ ثمر بلور کا کہنا ہے کہ غلام بلور گھر پر قرنطین ہیں، اہل خانہ کی جانب سے نجی اسپتال منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

مختلف سیاسی رہنماؤں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حاجی غلام احمد بلور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انکی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں بھی کی گئ ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، اور خیبر پختونخوا کے وزراء کامران بنگش اور امجد علی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔