خیبرپختونخوا میں کورونا کے مزید 231 کیسز، مجموعی تعداد 5252 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں آج 13 مئی کو مزید 231 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے ساتھ صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 5252 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت کے بیان کے مطابق آج کورونا وبا سے صوبے بھر میں 8 افراد کی اموات بھی واقع ہوچکی ہے جس کے بعد یہاں اموات 275 ہوگئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 4 کی پشاور، 2 نوشہرہ جبکہ خیبر اور دیر لویر میں ایک ایک موت واقع ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق آج کے دن مزید 87 مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں اور کل صحتیاب افراد کی تعداد 1392 ہوگئی ہے۔

نئے متاثر ہونے والوں میں سب سے زیادہ 112 پشاور سے، 19 نوشہرہ، 15 خیبر، جبکہ 38 ہزارہ ڈویژن سے ہیں۔

اس وقت صوبے میں بھی سب سے زیادہ متاثرین پشاور میں 2067 ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر سوات میں 386، تیسرے نمبر پر مردان میں 280 اور ملاکنڈ 260 کیسز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 24 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 761 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35339 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 275 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 234 اور پنجاب میں 214 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 27، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 1014  کیسز اور 24 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 731 کیسز 16 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 231 کیسز اور 8 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 43 ، گلگت بلتستان سے 7 اور آزاد کشمیر سے 2 کیس سامنے آئے ہیں