کورونا کے 2255 نئے کیسز، مریضوں کی تعداد 35 ہزار سے زائد

ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35 ہزار 299 اور جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 848 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور 2 ہزار 255 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 31 افراد جاں بحق ہوئے۔

اب تک کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 699 ہے اور 35 ہزار 299  افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے اب تک 13 ہزار 341 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب 13 ہزار 225، خیبر پختونخوا 5 ہزار 21، بلوچستان 2 ہزار 158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 89 اور گلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان مریضوں میں سے 8 ہزار 812 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئیں۔ پنجاب میں 214، سندھ میں 218، بلوچستان 27، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس ایک شخص کی جان لے چکا ہے جبکہ ملک میں کورونا کے 167 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

صوبے میں کورونا سے اموات کی مجموعی  تعداد 275 ہو چکی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 231 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجمععی تعداد 5 ہزار 252 ہو چکی ہے۔ سینیٹ کے دو ارکان سینیٹر مولانا عطا الرحمان، سینیٹر فدا محمد اور متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیوایم) کی رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ نے دونوں سینٹرز کو اجلاس میں شرکت سے روک دیا۔

دوسری جانب رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے شوہر نے حال ہی میں بلوچستان کا سفر کیا تھا اور ہم دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اور میرے شوہر قرنطینہ میں ہیں۔

منگلا شرما خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔