ایل آر ایچ میں گائنی کے طبی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق سیکشن بند

پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد گائنی سیکشن کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق گائنی یونٹ کے 35 ڈاکٹروں, نرسوں اور دیگر سٹاف کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد ایل آر ایچ کے گائنی سیکشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق حال ہی میں کئے گئے ٹیسٹ میں گائنی ڈیپارٹمنٹ کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر, 14 ٹی ایم اوز, تین ہاؤس آفیسرز,  دو ہیڈ نرسز, آیا اور سویپرز کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، متاثرہ عملے کو کورنٹائن کرنے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ عملے کے خاندانوں کے بھی مفت ٹیسٹ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق گائنی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے تمام عملے کی سکریننگ جاری ہے, ایسے حالات میں مریضوں کو داخل کرانا خطرناک ہوگا، گائنی سیکشن کو بند کرنے کا فیصلہ ڈبلیو ایچ او گائڈلائنز کے مطابق کیا گیا ہے۔

یادر رہے کہ پیر کے روز جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا میں 177  سے زائد ڈاکٹرز  ،نرسز  اور پیرا میڈیکل اسٹاف  کے اہلکار  کورونا و ائرس  سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں  89ڈاکٹرز ،48نرسز ،  40  طبی اہلکار  اور  کلاس فور  شامل ہیں۔  ان میں سب سے زیاد  تعداد خواتین ڈاکٹرز کی ہے جن میں سے 18 لیڈی ڈاکٹرز کا تعلق ایل آر ایچ سے ہیں۔