لکی مروت کرونا فری قرار، تمام مریض صحتیاب

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کرونا کے تمام مریض صحت یاب ہوگئے۔ فوکل پرسن برائے کرونا ڈاکٹر ہدایت اللہ کے مطابق اسلام آباد لیب بھیجے گئے 44 افراد کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی، جس کے بعد ضلع لکی مروت کے تمام کرونا مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ضلع لکی مروت میں اسوقت کرونا سے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے۔ قبل ازیں صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 8 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد مرنے والے افراد کی تعداد 180 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 222 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 129 تک پہنچ گئی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 83 مریضوں کی صحت یابی کے بعد کرونا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 811 ہوگئی۔ 

دوسری جانب پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 513 تک پہنچ گئی جن میں سے 457 اموات بھی ہوئیں، جبکہ 5 ہزار 114 مریض صحت یاب بھی ہوئے۔