پشاور : پلازمہ سے کورونا کا علاج شروع کر دیا گیا

کورونا صورتحال میں اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں باضابطہ طور پر پلازمہ سے کرونا متاثرہ مریضوں کے علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایچ ایم سی پلازمہ کے ذریعے کورونا مریضوں کا علاج شروع کرکے صوبے کا پہلا ادارہ بن گیا ہے۔

ایچ ایم سی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیذیز کراچی کیساتھ ایم او یو سائن کر لیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر شمسی کی قیادت میں رو بہ صحت مریض کے پلازمہ کو کرونا متاثرین کے علاج کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

پلازمہ کا عطیہ دینے والے رضاکار ایچ ایم سی کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر سلمان ہیں، جبکہ ہسپتال کا کلاس فور ملازم عالمگیر عطیہ دے کر اس کار خیر میں رضاکارانہ خدمات انجام دے چکا ہے۔

ہیماٹالوجی ڈیپارٹمنٹ کی انچارچ پروفیسر شہتاج خان کی سَربراہی میں اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو لیبارٹری میں پلازمہ پراسیس کرنے والی مشین اور اس سے متصل تمام تر انتظامات کو وسعت دے کر تمام سہولیات بروقت مہیا کرے گی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق لیب ٹیسٹنگ گائیڈ لائنز کو واضح بیان کرکے ڈونر اور وصول کنندہ کی منظوری دے دی گئی ہے، معالجین اور انتظامی احکامات کی ٹیم علاج کے آپشن کے مختلف پہلوؤں کو کڑی نگرانی میں حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے.

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عطیہ دہندگان کو یقین دلایا جاتا ہے کہ پلازمہ کے عطیات سے اس کا کوئی منفی اثر ان کی صحت پر نہیں پڑے گا، پلازمہ کا ایک عطیہ دو مریضوں کی جان بچانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔