باجوڑ میں 5 بچوں کی پر اسرار موت، خون کے نمونے شوکت خانم ارسال

ضلع باجوڑ کے دور افتادہ علاقے گٹ آگرہ تحصیل لوئی ماموند میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 3 بچے پراسرار بیماری کے باعث اچانک چل بسے۔ لواحقین کے مطابق بچے پہلے سے صحت مند اور ٹھیک تھے لیکن اچانک بچوں کی حالت غیر ہوجاتی ہے اور پھر موت کے آغوش میں چلے جاتے ہیں۔

آج آٹھ سالہ ذیشان ولد عبدالروف کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باجوڑ خار مردہ حالت میں لایا گیا۔

چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر لیاقت اور میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر عبدالحمید سمیت دیگر ڈاکٹرز نے بچوں کی پراسرار موت کی تحقیقات کیلئے خون کے نمونے حاصل کرکے شوکت خانم ہسپتال ارسال کر دیئے۔

چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر لیاقت علی نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اس خاندان کے 2 بچے، جو جھٹکے کے مریض تھے، معائنے کیلئے لائے گئے تھے جو بعد میں صحت یاب ہوئے۔

جاں بحق بچے کے والدین نے گورنر خیبر پختونخوا، وزیر اعلی، وزیر صحت، ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد سے میڈیکل ٹیم معائنے کیلئے باجوڑ طلب کریں تاکہ اس پر اسرار بیماری کا پتہ چلایا جا سکے اور ان کی مالی معاونت بھی کی جائے۔