لکی مروت میں 8 دکانیں سیل جبکہ کوہاٹ میں حفاظتی کٹس تقسیم

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ضلع لکی مروت کی تحصیل نورنگ کی انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر8دکانیں اور ایک گودام کو سیل کرکے تاجروں کو جرمانہ کردیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر امین اللہ خان نے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لئے مختلف بازاروں کا اچانک معائنہ کیا انہوں نے غیر ضروری طور پر کھولی گئی 8 دکانیں اور ایک گوادام کو سیل سر بمہر کر دیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے چار دکانداروں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ، انہوں نے خلاف ورزی کے مرتکب تاجروں کو جرمانہ بھی کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر امین اللہ خان نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل کریں اور کاروباری سرگرمیوں کے دوران حفاظتی تدابیر اپنائیں۔

دوسری طرف کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) منصور امان نے پولیس افسران اور میڈیا کے نمائندوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی کٹس تقسیم کئے۔

کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے پولیس اہلکاروں اور مقامی میڈیا کے نمائندوں میں خصوصی حفاظتی کٹس پولیس کلب میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن (ر) منصور امان نے کہا کہ پولیس ملازمین کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے چائنہ طرز کے مجموعی طور پر 1500سے زائد خصوصی پروٹیکشن سوٹ تیار کئے گئے ہیں جو پولیس اہلکاروں کو سر سے پاؤں تک محفوظ رکھنے کیلئے استعمال ہونگے.

ضلع بھر میں قائم قرنطینہ سنٹرز، داخلی و خارجی راستوں اور کورونا سے متاثرہ علاقوں میں ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کو حفظان صحت کے اصولوں پر تیار کردہ ہائی رسک کے 400 اضافی حفاظتی سوٹ بھی مہیا کئے گئے ہیں۔