پشاور میں گرانفروشی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 196 افراد گرفتار

ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں گرانفروشی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے مزید 196 گرانفروشوں کو گرفتار کر لیا.

ضلعی انتظامیہ نے انقلاب روڈ، پھندو کے علاقے، چارسدہ روڈ، اندرون شہر، متنی، باڑہ روڈ، حیات آباد، نوتھیہ۔ تہکال، یونیورسٹی ٹاؤن، کوہاٹ روڈ، دلازاک روڈ، گڑھی قمردین اور دیگر علاقوں میں مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔

کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 196 افراد کو گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں و دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چار بجے تک اپنی دکانیں بند کر دیں اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل کریں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعاون کر تے ہوئے اپنا کردار ادا کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔