کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ، تعداد ١٥٢٨٩ جبکہ ٣٣٥ جاں بحق

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 15289 تک جا پہنچی ہے جب کہ 335 افراد وبا کی لپیٹ میں آکر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں. سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید افراد میں تشخیص کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار 289 ہو گئی ہے جن میں سے اب تک 335 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

کورونا کی تشخیص کے لیے اب تک ایک لاکھ 65 ہزار 911 ٹیسٹ کیے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے شبے میں 8530 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں اس وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار 289 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں، جہاں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5827 ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں 5695، خیبر پختونخوا 2160، بلوچستان میں 915، اسلام آباد میں 297، گلگت بلتستان میں 330 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔

اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار 335 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 114 ہو گئی ہے۔ سندھ میں 100، پنجاب میں 100، بلوچستان میں 14، اسلام آباد میں 4 اورگلگت بلتستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 3 ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس بریفینگ کے دوران بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 2.1 فی صد ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹے میں 806 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 26 اموات ہوئیں۔

معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان سے بیرون ملک پروازوں پر کوئی پابندی نہیں۔ یکم سے 9 مئی تک 7500 پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔ بیرون ملک سےآنے والوں کو 48 گھنٹے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔

افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو مرحلہ وار واپس لا رہے ہیں۔ طورخم، چمن بارڈر کو ضروری اشیا کی ترسیل کیلیے کھولا گیا ہے۔ پاک فوج کے دستے ملک بھر میں کورونا ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور کورونا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں سول انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔

فوج کی جانب سے کورونا سے متاثرہ علاقوں میں 3 لاکھ 50 ہزار فوجی امدادی پیکجز تقسیم کیے جا چکے ہیں جو کھانے پینے اور روز مرہ کے استعمال کی اشیاء پر مشتمل ہیں۔ یہ امدادی پیکجز فوجی افسروں و جوانوں کی تنخواہوں سے جمع رقم سے خریدے گئے ہیں۔

کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 2 لاکھ 18 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 31 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 60 ہزار کے قریب افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 10 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔