مردان میں 19 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 160 تک پہنچ گئی

مردان میں کرونا وائرس کی مزید 19 افراد میں تصدیق ہوگئی جس کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 160 تک پہنچ گئی۔

ضلعی کروناوائرس کنٹرول رومز کے تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لیبارٹری سے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مزید 19 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ مجموعی تعداد 160 ہو گئی جبکہ 20 افراد کے ٹسٹ رزلٹ منفی آئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تبلیغی مرکز میں قرنطائن کئے گئے 4 غیرملکیوں سمیت چھ افراد کو صحت یاب پا کر روانہ کردیا گیا جبکہ 14 افراد کو کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے آئسولیشن وارڈز میں داخل کر دیا گیا، آئسولیشن وارڈ میں کل 44 افراد جبکہ 3 افراد قرنطینہ سنٹر میں زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ مردان میں اب تک چھ افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

اسی طرح ضلع چارسدہ کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیروز شاہ کے مطابق 28 اپریل 2020 کو ضلع بھر میں کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی تعداد 315 تھی جن میں 3 مریض کی فوتگی ہوئی ہے، جبکہ 21 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تمام مشتبہ افراد کے لیئے گئے ٹیسٹ نتائج کے مطابق 53 افراد کے نتائج مثبت جبکہ 257 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں، مزید 05 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج تاحال موصول نہیں ہوئے ہیں۔

ادھر کرونا سے متاثرہ مریض ٹریفک وارڈن محمد رفیق کیلئے آر پی او مردان شیر اکبر خان اور ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان کی طرف سے پھولوں کا گلدستہ اور نقد رقم ارسال کی گئی جبکہ ٹریفک پولیس چارسدہ کے جوانوں نے بھی اپنے پیٹی بند بھائی کیلئے تخائف بھیجے۔

یاد رہے ٹریفک وارڈن محمد رفیق کا کرونا ٹیسٹ گذشتہ دن مثبت آیا تھا، دوران ڈیوٹی اس کو بخار ہوا تھا، بعدازاں چیک اپ کرنے پر کرونا ٹیسٹ کے بعد نتیجہ مثبت آیا تھا۔

دوسری جانب لوئر دیر میں کرونا کے مریضوں کی کنفرم تعداد 56 ہو گئی جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 506 ہے۔

ڈپٹی ڈی ایچ او فوکل پرسن ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق آئسولیشن وارڈ میں داخل افراد کی تعداد 18 جبکہ قرنطینہ مراکز میں کل 31 افراد مقیم ہیں، ضلع دیر لوئر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آئسولیشن وارڈ اور 8 قرنطینہ مراکز میں بستروں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 14680 تک جا پہنچی ہے جبکہ اب تک 322 افراد اس مرض کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 114 اموات کے ساتھ خیبر پختونخوا سرفہرست ہے۔ 95 اموات کے ساتھ پنجاب دوسرے نمبر پر جبکہ 92 ہلاکتوں کے ساتھ سندھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں 14، اسلام آباد میں چار جبکہ گلگت بلتستان میں 3 افراد اس وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہیں۔