خیبر پولیس : ایشال کے قتل میں نامزد ملزم چچا خیبر سے گرفتار

پشاور میں شور مچانے پراپنی بھتیجی کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے ضلع خیبرسے گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او ابراہیم شنواری کے مطابق ملزم فضل حیات کو لنڈی کوتل کالج کے قریب ایک مکان پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم کو پشاور پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 26 تاریخ کو پشاور کے علاقے ارباب روڈ پر ایک گھر میں چچا نے اپنی معصوم سات سالہ بھتیجی کو شور مچانے پر قتل کردیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ سات سالہ معصوم ایشال اپنے گھر کے صحن میں دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی، جس سے شور ہورہا تھا۔ اسی گھر کی اوپر والی منزل پر اس بچی کا چچا فضل حیات رہائش پذیر تھا۔اس نے بچوں کے شور سے تنگ آکر بچی پر فائرنگ کردی، جس سے بچی دم توڑ گئی۔ واقعہ کے فوری بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا تاہم اب پولیس نے اس کو گرفتار کرلیا ہے۔

اہلخانہ کے مطابق ملزم کو کسی بھی قسم کا ذہنی مسئلہ نہیں تھا جبکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ بھائیوں کے درمیان بھی کسی قسم کا تنازع نہیں تھا۔