سرحد پار سے دہشت گردوں کا حملہ، 6 سکیورٹی اہلکار شہید

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرِستان میں پاک-افغان سرحد پر اپنے فرائض کی انجام دہی کرنے والے سیکیورٹی اہکاروں پر افغانستان سرحد سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوگئے۔

حملہ ضلع شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے برگز کے قریب اس وقت کیا گیا جب پاک فوج کی ‘بارڈر پٹرولنگ ٹیم’ گشت پر تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل ، سپاہی علی رضا سپاہی محمد بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے یہ حملہ افغانستان کے علاقے گردیز سے کیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع تربت میں دہشت گردوں کی جانب سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں پر حملے میں کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت میں ایف سی اہلکار کامبنگ اور سرچ آپریشن میں مصروف تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کامبنگ اور سرچ آپریشن جاری تھا کہ ان کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کردیا گیا۔ دہشت گردوں کی اس مذموم کارروائی کے دوران ایک کیپٹن شہید جبکہ 3 سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے مطابق شہیدا میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر، عاطف الطاف اور حفیظ اللہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ ایف سی بلوچستان کا حشاب اور تربت کے علاقے میں سرچ اور کامبنگ آپریشن جاری تھا کہ علاقے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے ان پر حملہ کردیا۔v