پشاور تعلیمی بورڈ نے نئے آن لائن سروسز کا آغاز کردیا

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے نئے آن لائن سروسز کا آغاز کردیا۔

وزیر تعلیم اکبر ایوب نے باقاعدہ افتتاح کر دیا جبکہ افتتاح کے موقع پر سیکرٹری ثانوی تعلیم و چئیرمین پشاور بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں وزیرتعلیم اکبر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن سروسز فراہم کر رہے ہیں، اب طلباء کو گھر کے دہلیز پر سروسز فراہم کئے جائیں گے۔

اکبر ایوب نے کہا کہ اب بورڈ ٹو بورڈ، بورڈ ٹو یونیورسٹی مائیگریشن اپلائی آن لائن ہو گا، ڈی ایم سی، سرٹیفکیٹ اور مائیگریشن کے ڈپلیکیٹ کا حصول بھی آن لائن ہو گیا، تعلیمی اسناد کی تصدیق بھی آن لائن کی جا سکے گی۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ ری ٹوٹلنگ کے لیے بھی طلباء اب آن لائن اپلائی کر سکیں گے، آن لائن بینک ڈیپازٹ سلپ بھی اسی وقت تیار کی جائے گی اور ارجنٹ میل سروس کے ذریعے متعلقہ تعلیمی اسناد گھر پہنچا دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کے ویب سائٹ پر چیٹ روم کے ذریعے طلباء بورڈ کی خدمات بارے معلومات حاصل کر پائیں گے، بورڈ چئیرمین سمیت کسی بھی متعلقہ حکام سے ملاقات کے لیے ویب سائٹ پر اپوائنٹمنٹ لی جا سکے گی، دیگر تعلیمی بورڈز کے خدمات کو جلد بھی آن لائن بنائیں گے۔

اکبر ایوب نے کہا کہ خدمات کی فراہمی میں پشاور بورڈ کی کارکردگی بہترین ہے۔