پاراچنار میں سینکڑوں مستحق خاندانوں میں اشیائے خورد و نوش تقسیم

غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے ضلع کرم کے سینکڑوں غریب اور مستحق خاندانوں میں اشیائے خورد و نوش تقسیم کی گئیں۔

پاراچنار میں منعقدہ تقریب میں پاک فوج 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس، کمانڈنٹ کرم ملیشیا جمیل الرحمٰن، قبائلی عمائدین، سابق سینیٹر سجاد سید میاں، ولی سید میاں، راحت سید میاں اور دیگر نے شاہ انور غگ کمیٹی کی جانب سے امدادی پیکجز تقسیم کئے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں سید سجاد میاں نے کہا کہ کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور لاک ڈاؤن کے باعث متاثرہ غریب خاندانوں کی مشکلات سے وہ باخبر ہیں اور انہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سادات خاندان نے بادشاہ انور ریلیف فورس کے نام سے  فنڈ قائم کیا۔ جس کا مقصد ضلع کرم کے غربا اور مستحقین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راشن دینے کا یہ سلسلہ رمضان المبارک کے دوران اور لاک ڈاؤن کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

پاک فوج کے بریگیڈیئر نجف عباس نے اپنے خطاب میں بادشاہ انور ریلیف فورس کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، پروگرام کے اختتام پر گاڑیوں میں لدے اشیائے خورد و نوش مختلف علاقوں کو بھی روانہ کر دیں گئی، جہاں پر انہیں غریب اور مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئیں۔