رمضان المبارک : مہمند میں پاک فوج اور قبائلی عمائدین کا اجلاس

قبائلی ضلع مہمند میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے نماز تراویح اور رمضان المبارک میں دوسرے اجتماعات کے حوالے سے قبائلی مشران اور مقامی علمائے کرام سے مشاورتی اجلاس کیا ہے۔

مامڈ گٹ کیڈٹ کالج میں منعقدہ اجلاس سے بات کرتے ہوئے 103 بریگیڈ بریگیڈیئر رؤف شہزاد نے کہا کہ صدر مملکت نے رمضان المبارک کے لئے علمائے کرام کے مشاورت سے احتیاطی تدابیر جاری کئے ہیں جن پر ہر صورت عمل درامد کیا جائے گا۔

بریگیڈیئر رؤف شہزاد نے کہا کہ اعلامیہ کے مطابق مساجد میں نمازو تراویح صاف فرش پر ادا کی جائیگی، اگر کچا فرش ہو تو صاف چٹائی یا جو گھر سے اپنی جائےنماز لا کر استعمال کر سکتے ہیں۔ نماز سے پیشتر اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے، 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگ، نابالغ اور کھانسی، نزلہ، زکام کے مریض مساجد میں نہ آئیں۔ نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ ضرور رکھا جائیگا، وضو گھرسے کر کے اور ماسک لگا کرمسجد تشریف لائیں۔

مساجد میں افطار اور سحری کا اجتماعی انتظام کی اجازت نہیں ہوگی، موجودہ صورت حال میں بہتر یہ ہے کہ گھر پر اعتکاف کیا جائے۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد میں نماز و تراویح کی مشروط اجازت دی جائیگی۔ اگر ماہ رمضان میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہو رہا ہو یا متاثرین کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی تو حکومت اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جا رہا ہے، ہمیں بھی حکومت اور محکمہ صحت کے بتائے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کا راستہ صرف اور صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں ہے۔

اجلاس میں اے سی اپر مہمند، اے سی بائیزئی بھی شریک تھے۔