شمالی وزیرستان : متاثرین کیلئے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے ماہانہ امداد جاری

پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخواہ نے شمالی وزیرستان کے بے گھر متاثرین کیلئے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے ماہانہ امداد کے طور پر ریلیز کردیئے جو کہ آئندہ ایک، دو دن میں پندرہ ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کو بذریعہ سم کارڈ موصول ہونا شروع ہو جائینگے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے شروع ہونے سے اب تک شمالی وزیرستان کے متاثرین کو ماہانہ نقد امداد کی یہ 68ویں قسط ہے، جس کے مطابق ہر رجسٹرڈ متاثرہ خاندان کو 12 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے دیئے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ میرانشاہ کے ماچس گاؤں کے مارچ کے مہینے میں واپس شدہ متاثرین کو 10 ہزار روپے بطور ٹرانسپورٹ گرانٹ اور 25 ہزار روپے بطور واپسی گرانٹ کی مد میں بھی ایک کروڑ 68 لاکھ کا فنڈ ریلیز کیا جا رہا ہے۔ جو ماچس کے واپس شدہ 480 خاندانوں کو بہت جلد ملنا شروع ہو جائینگے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی وزیرستان کے متاثرین کو ماہانہ امداد کے علاوہ ہر ماہ باقاعدگی سے غذائی مواد پر مشتمل راشن بھی دیا جا رہا ہے تاکہ موجودہ حالات میں متاثرین کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔