بینظیر انکم سپورٹ : لوئر دیر پولیس کے 377 اہلکاروں کو شو کاز نوٹس جاری

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے پر لوئر دیر پولیس کے 377 اہلکاروں کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے گئے۔

یاد رہے کہ 25 دسمبر 2019 کو وفاقی کابینہ نے بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ 20 ہزار افراد کی چھانٹی کی منظوری دی تھی، چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ 20 ہزار افراد کی چھانٹی کی منظوری، دستاویز کے مطابق بی آئی ایس پی سے غیر مستحق افراد کو نکالنے کیلئے فارنزک ڈیٹا آڈٹ کیا گیا، غیر مستحق افراد کو نکالنے سے حکومت کو 16 ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔

لوئر دیر کے ضلعی پولیس افسر کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی فوائد حاصل کرنے والوں میں 4 انسپکٹر، 10 سب انسپکٹر، اے ایس آئی 6 اور 18 ہولدار سمیت 191 ریگولر اور 186 ایس پی او سپاہی شامل ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او عبدالرشید نے تمام ایسے اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے ہیں جن کے تسلی بخش جواب وصول نہ ہونے پر اہلکار نوکری سے برخواست کئے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 13 اپریل کو ضلع خیبر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والے تین سو سے زائد پولیس اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

ڈی پی او خیبر کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں ان اہلکاروں کو کہا گیا ہے کہ آپ وضاحت دیں کہ سرکاری ملازم ہوتے ہوئے کیوں اس پروگرام سے مستفید ہوتے رہے۔

شوکاز نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ کارروائی پولیس ایکٹ 1975 کے تحت عمل میں لائی گئی، متعلقہ پولیس اہلکاروں کو 7دن کے اندر وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔