پاکستان کو ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز ریلیف پیکیج کی منظوری

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کےلیے ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔ کورونا وائرس سےنمٹنےکے لیے ریلیف پیکیج کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دی گئی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے پاکستانی معیشت پر انتہائی اہم اثرات مرتب ہوئے ہیں اور حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے، اس مقصد کے لیے معاشی پیکیج کا بھی اعلان کیا گیا اور حکومت عوامی صحت پر اخراجات میں اضافہ کررہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کےباعث پاکستان کی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے اور معاشی غیر یقینی بڑھتی جا رہی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کو بیرونی فنانسنگ کی ضرورت ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کا پیکیج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرے گا، پیکیج سے بجٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا اور پاکستان کو زرمبادلہ ذخائرمیں کمی پرقابو پانے میں مدد ملےگی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یہ فنڈ کورونا کے اثرات سےنمٹنے کے لیے استعمال کر سکے گا، پاکستان کو فنڈ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کی مد میں جاری ہوں گے، پاکستان توازن ادائیگی کے لیے ہنگامی ضروریات پوری کر سکے گا۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کےساتھ قریبی رابطے میں ہے، کورونا کےاثرات کم ہوتے ہی مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں گے جس میں 6 ارب ڈالرز کے موجودہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت بات چیت ہو گی۔