صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا اور صوبائی کابینہ کے اجلاس

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

صوبائی دارالحکومت پشاور میں کورونا کے کسیز میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، یہ انکشاف صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس پھیلنے کے شدید خطرات ہیں۔ پشاور میں لوگ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ لوگ خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔

اجلاس میں سماجی رابطوں کو کم کرنے کے لئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق مختلف اُمور پر غور کیا گیا اور کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنی ذاتی دُکانوں کے کرایوں میں معافی کا اعلان کرتے ہوئے کابینہ ممبران، سیکرٹری صاحبان اور دیگر صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھی عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے کرائے داروں کیلئے کرایوں میں رعایتیں دیں، تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں غریب طبقے کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔